مسواک کا استعمال کتنا فائدہ مند ہے ؟

مسواک کا استعمال سنت نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہے جو کہ دانتوں کی صفائی کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ نیم، زیتون، پیلو یا کسی بھی پودے کی ریشہ دار ٹہنی کو کہتے ہیں جو عام طور پر انگلی جتنی باریک اور ایک بالشت لمبی ہوتی ہے۔

مگر کیا آپ اس کے استعمال کے فائدے جانتے ہیں ؟

مسوڑوں کی سوزش اور پلاک سے تحفظ
دانتوں کی صفائی کے لیے مسواک کے استعمال سے منہ میں بیکٹریا کی سرگرمیوں کو روکنے میں مدد ملتی ہے جس سے پلاک (دانتوں پر جمنے والی گندگی) اور مسوڑوں کی سوزش جیسے مرض سے بچنے میں مدد ملتی ہے، مسواک میں موجود اینٹی بایوٹک بیکٹریا کی نشوونما کو روکتے ہیں۔

کسی لت سے نجات میں مددگار
طبی ماہرین کے مطابق اگر آپ کسی لت جیسے تمباکو نوشی وغیرہ کے عادی ہیں، تو مسواک کا استعمال اس سے نجات میں مدد دے سکتا ہے۔

مسوڑوں کو مضبوط بنائے
مسواک نہ صرف دانتوں کی صفائی کرتی ہے بلکہ مسوڑوں کو بھی مضبوط بناتی ہے۔

سانس کی بو سے نجات
مسواک کا استعمال معمول بنا لینا سانس میں بو کے مسئلے کو ہمیشہ دور رکھتا ہے۔

دانتوں کی سطح مضبوط بنائے
مسواک میں پوٹاشیم، سوڈیم، کلورائیڈ، کیلیشیئم آکسائیڈ اور سوڈیم بائی کاربونیٹ موجود ہوتا ہے، یہ منرلز دانتوں کی سطح مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

دانتوں کو سفید کرے
مسواک کا استعمال چائے، کافی، کھانے کے ذرات، تمباکو کی مصنوعات اور چھالیہ وغیرہ سے دانتوں پر لگنے والے داغوں کو کم کرنے بلکہ سفیدی واپس لانے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

دانتوں کی فرسودگی سے بچائے
عمر بڑھنے کے ساتھ دانتوں کی فرسودگی عام مسئلہ ہوتا ہے اور وہ جلد ٹوٹنے لگتے ہیں، مسواک کا استعمال اس سے تحفظ دینے میں مدد دیتا ہے کیونکہ یہ جراثیموں کا خاتمہ کرتا ہے۔

دانت کا درد دور کرے
چونکہ مسواک کا استعمال بیکٹریا اور جراثیموں کا خاتمہ کرتا ہے تو دانتوں کے درد سے ریلیف کے لیے بھی یہ مدد دیتا ہے۔

یورپ میں بھی ’’مسواک‘‘ کی مقبولیت بڑھنے لگی

اگرچہ مسواک دنیا میں ہزاروں برس سے زیرِ استعمال ہے لیکن اب اس قدرتی
ٹوتھ برش ’را برش‘ کو یورپ میں بھی فروخت کے لئے پیش کر دیا گیا ہے۔

برطانیہ کی یونی نامی کمپنی نے ’را‘ مسواک کو فروخت کے لئے پیش کیا ہے جس کی قیمت 5 ڈالر رکھی گئی ہے، کمپنی مسواک کو صاف کرکے انہیں پلاسٹک کی تھیلی اور ٹیوب میں فروخت کر رہی ہے۔ مسواک کے بارے میں بعض باتیں بالکل درست ہیں مثلاً یہ معدنیات اور وٹامن سے بھرپور ہوتی ہیں، کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ ان سے دانت صاف کئے جا سکتے ہے، یہ دانتوں کی اہم معدن برقرار رکھ کر اسے بحال کرتی ہے اور منہ کی تازگی اور دانتوں میں کیڑے کو روکتی ہے۔ عرب ممالک، پاک و ہند اور افریقی ممالک میں مسواک کے درخت کی شاخوں کو بطور مسواک استعمال کیا جاتا ہے اور اس کی قیمت بھی انتہائی کم ہوتی ہے۔ اگرچہ یورپ میں متعارف کرائی گئی مسواک کی قیمت ذیادہ رکھی گئی ہے لیکن اس کے باوجود لوگ اسے دھڑا دھڑ خرید رہے ہیں۔